اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 520 روپے سے کم ہو کر تقریباً 385 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں بھی 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 366 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف زرعی شعبے کو سہارا ملے گا بلکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کے باعث عام آدمی کو بھی ریلیف ملے گا۔ خاص طور پر گندم کی کٹائی کے موجودہ سیزن میں ڈیزل کی قیمت کم ہونے سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے گزشتہ ہفتوں میں تقریباً 129 ارب روپے کی سبسڈی دی، تاکہ عوام پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور خطے میں کشیدگی میں کمی کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر عالمی قیمتیں اسی سطح پر برقرار رہیں تو آئندہ دنوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی سے زراعت اور صنعت دونوں کو فائدہ ہوگا، جبکہ ٹرانسپورٹ سستا ہونے سے مہنگائی میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معیشت کو مستحکم بنانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
مزیدپڑھیں:آج دونوں فریقین بات چیت کے ذریعے راضی ہو چکے ہیں،وزیر اعظم

