اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گیس کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کرنے کا عندیہ دیا ہے، جس کے تحت نئی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر قائم نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے تجویز دی ہے کہ گیس کی صورتحال بہتر ہونے تک نئے آر ایل این جی کنکشنز پر عارضی پابندی عائد کی جائے۔ اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کو باضابطہ طور پر سفارشات بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے توازن کے لیے جامع پالیسی ترتیب دینے پر بھی زور دیا گیا ہے، جبکہ اضافی گیس کی دستیابی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ طلب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گیس کے استعمال کو منظم بنانے کے لیے لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر نظرثانی اور یو ایف جی (Unaccounted for Gas) میں کمی کے اقدامات زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ موسمی بنیادوں پر گیس کی کھپت کم کرنے کے طریقوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مہنگی درآمدی آر ایل این جی کے متبادل کے طور پر مقامی قدرتی گیس کے استعمال کو فروغ دینے کی تجاویز بھی سامنے آئی ہیں، جس پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے مشاورت کی جائے گی۔
اس سلسلے میں این سی ایم سی کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن سے 27 اپریل کو تفصیلی بریفنگ طلب کر لی ہے، جہاں آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان
