Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

خیرپور، دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونی تصادم میں تبدیل،4افراد جاں‌بحق

خیرپور(نیوز ڈیسک)سندھ کے ضلع خیرپور کے کچے علاقے میں دو گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونی تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ رانی پور کے کچے علاقے میں پیش آیا، جہاں پرانی دشمنی اور زمین کے تنازع پر دونوں گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ گولیاں لگنے سے خاتون سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 3 زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے گھروں پر بھی فائرنگ کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو گمبٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان زمین کے تنازع پر کافی عرصے سے کشیدگی جاری تھی، اور اس دشمنی میں اب تک کئی جانیں جا چکی ہیں۔ تازہ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، فائرنگ پر قابو پا لیا گیا اور علاقے میں چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:امریکی صدر کا آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا اعلان

یہ بھی پڑھیں