Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

امریکی صدر کا آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا اعلان

واشنگٹن(انٹرنیشنل‌ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق کشیدگی کے دوران ایک اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دعویٰ کیا کہ ایران کو اس تنازع میں شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کی بحری و فضائی صلاحیتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ریڈار نظام، میزائل تنصیبات اور ڈرون فیکٹریوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے، جبکہ سمندری راستوں میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے استعمال ہونے والی متعدد کشتیاں تباہ ہو چکی ہیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ عالمی منڈیوں تک تیل کی ترسیل بحال رکھی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام صرف امریکا ہی نہیں بلکہ چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی سمیت دنیا کے کئی بڑے ممالک کے مفاد میں کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مختلف ممالک کے خالی آئل ٹینکرز تیل کی لوڈنگ کے لیے امریکا کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ واشنگٹن عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کو قابو میں رکھنے کے لیے متبادل سپلائی کو یقینی بنا رہا ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے، اس لیے وہاں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی منڈیوں پر فوری اثر ڈال سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں