Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

نواز شریف، مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس،پنجاب کے پہلے سکائی گلاس برج کی منظوری

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف(Nawaz Sharif) اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف(Maryam Nawaz Sharif) کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں مری اور کوٹلی ستیاں کی ترقی اور سیاحتی فروغ سے متعلق بڑے منصوبوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کوٹلی ستیاں میں پنجاب کے پہلے اسکائی گلاس برج منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی، جس کا مقصد علاقے کو جدید سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری میں بڑھتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوری حفاظتی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور دیگر متاثرہ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی اور امداد کے منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مری میں تین نئے ہاسپیٹلٹی زونز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو شوالا، سوزو اور برروری میں بنائے جائیں گے، جہاں نجی شعبے کے تعاون سے اعلیٰ معیار کے ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔

مزید برآں مری بحالی منصوبے کے لیے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔ مری ریچ بل روڈ سمیت اہم شاہراہوں کی چوڑائی بڑھانے اور ایک ماہ کے اندر گلاس ٹرین منصوبے پر کام شروع کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا۔

سیاحت کے فروغ کے لیے انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک جیسے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکو زون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس سہولیات قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے بیئر ہاؤس، ٹائیگر ہاؤس اور برڈ ایویری بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

مزیدپڑھیں:میرے نمائندے کل شام اسلام آباد میں ہوں گے، صدر ٹرمپ

چیوڑاہل کے مقام پر جدید گلیمپنگ پوڈ ویلج اور پیراگلائیڈنگ کلب کے قیام کی منظوری دی گئی، جسے نجی شعبے کے تعاون سے چلایا جائے گا۔ اس کے علاوہ چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤس اور فارسٹ ریسٹ ہاؤس سمیت دیگر منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ دریا جہلم سے مری کے لیے پانی کی فراہمی کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کی جائے، جبکہ رین واٹر ہارویسٹنگ کے جاری منصوبے کو بھی سراہا گیا۔

حکام نے صوبے میں پہلی فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی، جو سرکاری عمارتوں کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کو بہتر بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں