پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(Pakistan Telecommunication Authority) نے موبائل صارفین کے لیے اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر اپ ڈیٹ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز کسی بھی وقت بلاک کی جا سکتی ہیں، اس لیے شہری فوری طور پر اپنے قومی شناختی کارڈز کی تجدید یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ صارفین جو زائد المیعاد شناختی کارڈز پر سمز استعمال کر رہے ہیں یا جن کی سمیں کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، انہیں فوری طور پر اپنی معلومات درست کروانا ہوں گی، بصورت دیگر سروس معطل ہو سکتی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ایک بار سم بلاک ہونے کے بعد اس نمبر کی بحالی ممکن نہیں ہوگی، جس سے صارفین کو مستقل طور پر اپنا نمبر کھونا پڑ سکتا ہے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایسے سم کارڈز جو کسی وفات پا جانے والے شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہیں، انہیں بھی بند کیا جا سکتا ہے تاکہ نظام کو شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:رجب بٹ کا بڑا دعویٰ الٹا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر شدید تنقید
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نادرا سے اپنے شناختی کارڈ کی بروقت تجدید کروائیں اور اپنی سمز کو اپنے ہی نام پر منتقل کریں۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ اقدام صارفین کے مفادات کے تحفظ، فراڈ کی روک تھام اور ایک محفوظ ٹیلی کمیونیکیشن نظام کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، تاکہ غیر قانونی سمز اور جعلی رجسٹریشن جیسے مسائل کا مؤثر خاتمہ کیا جا سکے۔


