پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ(Rajab Butt) ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار ان کا اپنا بیان ہی انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔
رجب بٹ، جو ماضی میں بھی اپنے متنازع بیانات اور مختلف تنازعات کے باعث خبروں میں رہے، حال ہی میں اپنی طلاق کے معاملے پر بھی زیرِ بحث رہے۔ اپنی سابقہ اہلیہ ایمان اسد سے علیحدگی کے بعد انہوں نے ایک وی لاگ میں کھل کر گفتگو کی۔
وی لاگ میں رجب بٹ نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کسی بھی قسم کی تنقید یا نفرت ان کے کامیاب کیریئر کو متاثر نہیں کر سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا نیا گانا 24 تاریخ کو ریلیز ہونے جا رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ نمبر ون ٹرینڈ کرے گا کیونکہ ان کے مداح ہمیشہ ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر ساکھ سے متعلق ہونے والی باتوں سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور نہ ہی وہ ناقدین کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، کیونکہ ان کے بقول ان کی مقبولیت اور ویور شپ میں کوئی کمی نہیں آئی۔
مزیدپڑھیں:پوڈکاسٹ میں نامناسب سوالات پر میرا انٹریو ادھورا چھوڑ کر چلی گئیں
تاہم ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین نے اسے غرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی ہمیشہ مستقل نہیں رہتی۔ کچھ نے ان کے مستقبل کے حوالے سے منفی پیشگوئیاں بھی کیں جبکہ بعض صارفین نے دیگر لوگوں کو انہیں فالو نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اس بحث سے ظاہر ہوتا ہے کہ رجب بٹ کا حالیہ بیان مداحوں کو متاثر کرنے کے بجائے مزید تنازع اور تنقید کا باعث بن گیا ہے، اور اب سب کی نظریں ان کے نئے گانے کی کارکردگی پر مرکوز ہیں کہ آیا وہ واقعی ان کے دعوے کے مطابق کامیابی حاصل کر پاتا ہے یا نہیں۔
