الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک اہم پیش رفت میں خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر سابق وزیر مراد سعید(Murad Saeed) کی نااہلی اور ان کی ڈی نوٹیفکیشن کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن نے 25 مارچ 2026 کے اس نوٹیفکیشن کو روک دیا ہے جس کے تحت مراد سعید کو آئین کے آرٹیکل 63(1) کے تحت نااہل قرار دے کر ان کی سینیٹ رکنیت ختم کی گئی تھی۔
فیصلے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا شیڈول بھی تاحکمِ ثانی معطل کر دیا ہے، جس کے تحت 23 اپریل 2026 کو پولنگ ہونا تھی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ رکن صوبائی اسمبلی جلال خان کی درخواست اور 21 اپریل 2026 کے کمیشن کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق تمام کارروائی اس وقت تک روکی گئی ہے جب تک حتمی قانونی فیصلہ سامنے نہیں آتا۔
مزیدپڑھیں:آئی ایم ایف کی اہم ترین شرط پوری کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان کا بڑا اقدام
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ معطلیاں عارضی ہیں اور “تاحکمِ ثانی” نافذ رہیں گی، یعنی آئندہ سماعتوں اور قانونی کارروائی کے بعد ہی اس معاملے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مراد سعید کو گزشتہ ماہ نااہل قرار دے کر سینیٹ رکنیت سے ہٹایا گیا تھا، جس کے خلاف وہ قانونی راستہ اختیار کیے ہوئے تھے۔

