پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(PIA) کی نجکاری اور تنظیمِ نو کے بعد ملازمین کے لیے اہم مالی پیکج اور مراعات کا اعلان سامنے آیا ہے، جس کا مقصد اسلام آباد منتقلی کے عمل کو آسان اور مؤثر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنانس اور اسٹور ڈیپارٹمنٹ سے متعلق ملازمین کو 4 مئی تک اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ منتقلی کے دوران ملازمین کو خصوصی مالی ریلیف اور سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
اعلان کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے ملازمین کو ری لوکیشن اسسٹنس کے تحت ایک بار بنیادی تنخواہوں کے برابر رقم دی جائے گی۔ شادی شدہ ملازمین کو 3 جبکہ غیر شادی شدہ ملازمین کو 2 بنیادی تنخواہیں بطور پیکج دی جائیں گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈسٹربنس الاونس کے طور پر پہلے سال 1 لاکھ روپے، دوسرے سال 75 ہزار روپے اور تیسرے سال 50 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بچوں کے تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے فی بچے 60 ہزار روپے تک کی معاونت بھی دی جائے گی۔
سنگاپور سونے کا نیا مرکز بن گیا، دبئی سے منتقلی میں تیزی
ملازمین کو ابتدائی 6 ہفتوں کے دوران رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی ایئرلائن فراہم کرے گی، جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان فرائض کی ادائیگی کے لیے ہوائی سفر بھی ادارے کی ذمہ داری ہوگا۔
مزید سہولیات میں پک اینڈ ڈراپ سروس، سرکاری کنٹریکٹ ہوٹل یا گیسٹ ہاؤسز میں قیام اور یومیہ 2,500 روپے الاؤنس شامل ہے۔ اسلام آباد میں بچوں کے داخلے اور رہائش کے انتظامات میں بھی ادارہ معاونت فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات ملازمین کی آسان منتقلی اور ادارے کی تنظیمِ نو کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ماضی میں 2019 کی منتقلی کے دوران اس نوعیت کا جامع مالی پیکج فراہم نہیں کیا گیا تھا۔



