کراچی میں متوقع ہیٹ ویو (Heat Wave)کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شدید گرمی کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران سسٹم کی بہتری کے لیے کیے جانے والے تمام مینٹیننس شٹ ڈاؤنز عارضی طور پر معطل کر دیے جائیں گے، تاکہ تکنیکی بنیادوں پر بجلی کی بندش سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق اس وقت کے الیکٹرک کا تقریباً 70 فیصد نیٹ ورک پہلے ہی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، جبکہ باقی علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
مظفرآبادمیںبارش سے موسم خوشگوار،شہریوںکے مرجھائے چہرے کھل اٹھے
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے تو دوپہر کے اوقات میں کی جانے والی اکنامک لوڈشیڈنگ فوری طور پر روک دی جائے گی، تاکہ شدید گرمی میں شہریوں کو اضافی مشکلات نہ اٹھانا پڑیں۔
کے الیکٹرک نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، جس میں بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال اور گرمی سے بچاؤ کے دیگر اقدامات شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی نہایت اہم ہوتی ہے، کیونکہ اس سے شہریوں کو گرمی کی شدت سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
