اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) نے وزیر اعظم “اپنا گھر پروگرام” کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اوورسیز پاکستانیوں اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق “اپنا گھر پروگرام” کے تحت ہاؤسنگ فنانس میں توسیع کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور نجی شعبے کے افراد کو بھی قرض کی سہولت میں شامل کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد رہائشی منصوبوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس میں نارووال میں فیض احمد فیض کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 10 کروڑ روپے جبکہ دانش اسکول کُری اسلام آباد کے لیے 35 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
اسی طرح یومِ آزادی اور “معرکہ حق” کی تقریبات کے لیے تقریباً 6 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پیو پروگرام کے دوسرے مرحلے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے، جو تنخواہوں، آپریشنل اخراجات اور واجبات کی ادائیگی پر خرچ کی جائے گی۔
کہاں بادل برسیں گے؟کہاں سورج غضب ڈھائے گا؟اہم پیش گوئی
مزید برآں اجلاس میں نیشنل اسٹیل کمپلیکس کی بحالی کے لیے گیس کی فراہمی کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت دستیابی کی بنیاد پر گیس صنعتی اور پاور سیکٹر کو فراہم کی جائے گی۔
توانائی کے شعبے میں ایک اور اہم فیصلے کے تحت تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور کے-الیکٹرک کے لیے یکساں “یوز آف سسٹم چارجز” نافذ کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جس کا مقصد پورے نظام میں پالیسی کو ہم آہنگ بنانا ہے۔




