نادرا (NADRA) نے شہریوں کی سہولت کے لیے اپنی نئی ویب سائٹ پر ایک اہم ڈیجیٹل فیچر “nGRIDS” متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے عوام کو شناختی خدمات اور دفاتر سے متعلق معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم شہریوں کو شناختی دستاویزات فراہم کرنے والا واحد مجاز ادارہ ہے، جو وقتاً فوقتاً اپنی سروسز کو جدید بنانے کے لیے مختلف ڈیجیٹل اقدامات کرتا رہتا ہے۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباہت علی (Syed Shahabat Ali) کے مطابق ویب سائٹ پر سب سے زیادہ آنے والے صارفین یہ جاننا چاہتے ہیں کہ نادرا کے دفاتر کہاں موجود ہیں، خاص طور پر ملک بھر میں موجود ای سہولت مراکز (e-Sahulat Centers) کی لوکیشن اور تفصیلات کیا ہیں۔
اپنی جائیداد کو کیسے محفوظ بنائیں؟ انتہائی آسان اور سستا طریقہ
انہوں نے بتایا کہ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے nGRIDS فیچر شامل کیا گیا ہے، جس پر کلک کرنے سے صارفین کو پورے پاکستان میں نادرا کے ریجنل سینٹرز، یونین کونسل دفاتر اور ای سہولت مراکز کی مکمل معلومات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہو جاتی ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے شہری یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ کون سا نادرا مرکز (NADRA Center) سنگل شفٹ ہے یا ڈبل شفٹ، اور اس کے اوقات کار کیا ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ضلع میں دفاتر کی تعداد اور ان کی لوکیشن بھی تفصیل سے دیکھی جا سکتی ہے۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور معلومات تک فوری، شفاف اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کو نادرا سینٹر میں سروس سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو ویب سائٹ پر موجود دیگر آپشنز اور رہنمائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ شناختی دستاویزات کی پراسیسنگ سے متعلق عمومی سوالات کے جوابات بھی فراہم کیے گئے ہیں۔