پنجاب حکومت نے عوامی ریلیف کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ(Public Transport) کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا، جبکہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں عوام پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور بسوں و ویگنوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
پبلک ٹرانسپورٹ مالکان اور مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے بھی حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کرایے برقرار رکھنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے باقاعدہ بیانِ حلفی بھی حاصل کر لیے ہیں۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن کے مطابق مختلف ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے تحریری یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ مقررہ کرایوں سے زائد وصولی نہیں کریں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن ہنزہ کے صدر ریحان شاہ کا ٹکٹ نہ ملنے پرکابینہ سمیت اجتماعی استعفوں کا اعلان
حکام کے مطابق فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جبکہ تمام بڑے بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں بھی متحرک کر دی گئی ہیں۔
سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ شہری اگر کسی بھی ٹرانسپورٹر کی جانب سے زائد کرایہ وصول کیے جانے کی شکایت کریں گے تو فوری کارروائی کی جائے گی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔


