Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

عیدِ قربان سے قبل سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

سندھ حکومت(Sindh Government) نے عیدالاضحیٰ سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بڑا ریلیف دیتے ہوئے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت رواں ماہ کی ادائیگیاں یکم جون کے بجائے 20 مئی کو کی جائیں گی۔

محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کو عید کی تیاریوں، خریداری اور گھریلو اخراجات کیلئے بروقت مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں بہتر انداز سے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔

اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں، ضلعی اکاؤنٹس دفاتر اور مالیاتی اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے فوری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ مراسلہ سیکشن آفیسر ایس آر ون مہوش اشرف کے دستخط سے جاری کیا گیا۔

سرکاری ملازمین اور پنشنرز نے سندھ حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی سے نہ صرف گھریلو بجٹ بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ قربانی، خریداری اور دیگر ضروریات کی منصوبہ بندی بھی آسان ہو جائے گی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے مابین کرائے نہ بڑھانے پر اتفاق

معاشی ماہرین کے مطابق عید سے قبل تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے باعث مارکیٹوں میں خریداری کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے، جس سے کاروباری حلقوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر صوبائی حکومتیں بھی اپنے ملازمین اور پنشنرز کیلئے اسی نوعیت کے اقدامات کریں گی۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت اس سے قبل بھی مذہبی تہواروں کے موقع پر سرکاری ملازمین کو بروقت مالی سہولیات فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں