پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق(Khawaja Saad Rafique) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور پیٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کی چیخیں نکال دی ہیں۔
اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عام آدمی کیلئے گھر کا نظام چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پے در پے قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے خطے کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر مسلط کی گئی صیہونی اور امریکی جنگ پورے خطے کی معیشت کو متاثر کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس کشیدگی کے باعث نہ صرف معاشی عدم استحکام بڑھ رہا ہے بلکہ مہنگائی اور غربت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے حکومت کو مشورہ دیا کہ مالی خسارے پورے کرنے کیلئے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس چوری روکنے اور نظام میں شفافیت لانے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکس نظام کو مؤثر بنایا جائے تو نہ صرف قومی آمدن میں اضافہ ممکن ہے بلکہ عوام کو اضافی ٹیکسوں سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے اور کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر ہونے سے بچ سکیں۔
روس نے ایران کیلئے آبنائے ہرمز کا متبادل راستہ کھول دیا
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، اس لیے حکومت کو عوامی ریلیف کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔


