Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

روس نے ایران کیلئے آبنائے ہرمز کا متبادل راستہ کھول دیا

امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس نے ایران کیلئے آبنائے ہرمز(Strait of Hormuz) کے متبادل راستے پر عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور مختلف سامان کے ساتھ ڈرونز کے پرزے بھی بحیرہ قزوین کے ذریعے ایران منتقل کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق روس اور ایران کے درمیان حالیہ مہینوں میں دفاعی اور تجارتی تعاون میں نمایاں تیزی دیکھی گئی ہے، جس کے تحت روس ایران کو ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق اہم پرزہ جات فراہم کر رہا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس تعاون سے ایران کی عسکری صلاحیت اور ڈرون پروگرام کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس بعض تجارتی اور دفاعی سامان کی ترسیل کیلئے آبنائے ہرمز کے بجائے بحیرہ قزوین کا راستہ استعمال کر رہا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی اور ممکنہ رکاوٹوں کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ تقریباً 20 لاکھ ٹن روسی گندم بحیرہ قزوین کے راستے ایران بھیجی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے معاشی روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

عیدِ قربان سے قبل سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری

دوسری جانب عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر اثر ڈال سکتا ہے۔ مغربی ممالک اس پیش رفت کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں کیونکہ یہ تعاون نہ صرف دفاعی بلکہ اقتصادی شعبوں میں بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

تاحال روس یا ایران کی جانب سے امریکی اخبار کی اس رپورٹ پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم عالمی سطح پر اس خبر نے نئی بحث چھیڑ دی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں آبنائے ہرمز اور خلیجی صورتحال پہلے ہی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں