لاہور میں بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے نیٹ ورک کے خلاف ایف آئی اے(FIA) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جہاں ملزمان سادہ لوح شہریوں کو ورک ویزا اور بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر بھاری رقوم وصول کرتے رہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم عباس سلہری نے ایک شہری کو ترکی ورک ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر 46 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ اسی طرح لیاقت علی نے کینیڈا ورک ویزا کے نام پر 31 لاکھ روپے وصول کیے، جبکہ آصف بٹ نے ملائیشیا ورک ویزا کے بہانے 2 لاکھ روپے بٹورے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم آصف بٹ 2014 سے ادارے کو مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل عرصے تک روپوش رہا۔ تاہم جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی مدد سے اسے آخرکار ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
نئے تعلیمی سیشن کا آغاز! حکومت نے والدین کی بڑی مشکل آسان کردی
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے سنہری خواب دکھا کر رقم وصول کرتا تھا، اور بعد میں نہ ویزا دیتا تھا اور نہ ہی پیسے واپس کرتا تھا بلکہ رابطہ منقطع کر لیتا تھا۔
ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے نام پر کسی بھی غیر تصدیق شدہ ایجنٹ یا فرد کو رقم دینے سے پہلے مکمل تصدیق ضرور کریں۔


