پنجاب بھر کے سرکاری اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات(summer vacations) جلد شروع کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے ابتدائی طور پر گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر غور مکمل کر لیا ہے، جس کے تحت تعطیلات 25 مئی 2026 سے شروع ہونے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ پلان کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری اسکول تقریباً ڈھائی ماہ کے لیے بند رہ سکتے ہیں اور تعطیلات 16 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اس شیڈول کی حتمی منظوری حکومت پنجاب کی جانب سے دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق صوبے میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر مختلف تجاویز پر غور جاری ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ حالیہ دنوں میں پنجاب کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے بعد والدین اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے بھی جلد تعطیلات دینے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔
پنجاب بھر کے لینڈ ریکارڈ دفاتر کے اوقات کار میں توسیع ، ہفتے میں 6 دن سروس دستیاب
دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ابھی تک گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے پاس اس وقت 3 سے 4 مختلف تجاویز زیر غور ہیں، جن میں تعطیلات کی تاریخ اور دورانیے سے متعلق مختلف آپشنز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسم کی صورتحال، امتحانات، تعلیمی کیلنڈر اور طلبہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ چند روز میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں اور بچوں کی صحت و حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی شدید گرمی کے باعث پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات معمول سے پہلے شروع کی گئی تھیں، جبکہ اس سال بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید گرمی کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔


