Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

لاہور کے اسپتالوں میں کینسر سے بچاؤ کی 2 ادویات جعلی نکلیں، انکشاف

لاہور: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(DRAP) نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور کے مختلف اسپتالوں میں استعمال ہونے والی کینسر سے بچاؤ کی دو ادویات جعلی ثابت ہوئی ہیں، جس کے بعد طبی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ڈریپ حکام کے مطابق مشتبہ ادویات کی نشاندہی مقامی طبی ماہرین نے کی، جنہوں نے ادویات کی پیکنگ اور معیار پر سوالات اٹھائے۔ ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران ادویات کی پیکنگ، لیبلنگ اور بارکوڈ میں سنگین نوعیت کے تضادات سامنے آئے، جس کے بعد باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ادویات اصل کمپنی کی تیار کردہ نہیں تھیں۔ بعد ازاں متعلقہ غیر ملکی فارما کمپنی نے بھی تصدیق کی کہ یہ ادویات جعلی ہیں اور ان کا کمپنی سے کوئی تعلق نہیں۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے مطابق جعلی ادویات کی سپلائی چین، تقسیم کاروں اور اس میں ملوث عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں سے بھی ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،شہباز شریف

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جعلی ادویات نہ صرف مریضوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ کینسر جیسے حساس مرض کے علاج میں پیچیدگیاں بھی پیدا کر سکتی ہیں۔ ماہرین نے اسپتالوں اور فارمیسیز کو ادویات کی خریداری کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں