Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

عید پر موسم کیسا رہے گا؟ تازہ اپڈیٹ جاری

لاہور (نیوز ڈیسک) ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں شدید ہیٹ ویو کا خطرہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے جب کہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران رات کو بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک غیر ضروری سفر اور تیز دھوپ میں باہر جانے سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، باہر نکلتے وقت ہلکے رنگ کے سوتی اور ہوا دار کپڑے پہنیں اور سر ڈھانپنے کے لیے ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔ شدید گرمی کے اوقات میں بچوں اور بوڑھوں کو گھر کے اندر ہی رہنا چاہیے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سفر پر روانہ ہونے سے پہلے گاڑی کے ٹائروں کا پریشر اور ریڈی ایٹر میں پانی کی سطح کو چیک کرنا لازمی ہے۔ گرمیوں میں پانی کی قلت سے بچنے کے لیے زندگی کے تمام شعبوں میں پانی کا استعمال احتیاط سے کریں۔ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بے آواز پرندوں اور جانوروں کے لیے پانی کے برتن بھر کر رکھیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں قصاب، مویشیوں کے تاجر اور صفائی کا عملہ گرمی کی لہر سے محفوظ رہنے کے لیے خصوصی احتیاط کریں۔ مویشیوں کو گرمی سے بچانے کے لیے انہیں کثرت سے پانی پلائیں اور ان پر پانی چھڑکیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ عید الاضحی کے لیے لگائی جانے والی بکرا منڈیوں میں پینے کے پانی اور عارضی سایہ دار کا انتظام کیا جائے۔ عوام کو گرمی کی شدت اور ہیٹ اسٹروک کی علامات کو سمجھنا چاہیے اور فوری طور پر ہائیڈریشن اور طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بازاروں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کے لیے میڈیکل اور ویٹرنری کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:موبائل فون صارفین پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھ گیا،رپورٹ جاری

یہ بھی پڑھیں