Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

پاکستان کے قومی جانور ’مارخور‘ کے شکار کا مہنگا ترین پرمٹ نیلام

گلگت( اوصاف نیوز)گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ کے تحت جنگلی جانوروں کے شکار کے لیے ہونے والی لائسنس کی نیلامی میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کی 10 کروڑ کی تاریخی بولی لگی ہے۔

نیلامی کی تقریب گلگت میں فاریسٹ، پارکس اینڈ وائلڈ لائف کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں منتظمین اور شکاریوں نے شرکت کی، اس موقع پر شکار سیزن 26-2025 کے لیے 118 جانوروں کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی کی گئی، جن میں 4 استور مارخور، 100 ہمالیائی آئی بیکس اور 14 بلیو شیپ کے شکار کے پرمٹس شامل ہیں۔

استور مارخور کے شکار کا سب سے مہنگا پرمٹ شکار سفاریز کے مالک نے 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی بولی لگا کر نانگا پربت کنزروینسی ایریا کے لیے حاصل کیا، جو اب تک مارخور کے شکار کے حوالے سے دنیا کا سب سے مہنگا پرمٹ قرار دیا جا رہا ہے، دوسرا پرمٹ 2 لاکھ 86 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا، جبکہ باقی 2 پرمٹس 2 لاکھ 70 ہزار اور 2 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئے۔

نیلی بھیڑ کے شکار کا سب سے مہنگا پرمٹ 40 ہزار ڈالر میں مارخور سفاریز کے محمد علی نگری نے حاصل کیا، جنہوں نے ہمالیائی آئی بیکس کے پرمٹ کے لیے 13 ہزار ڈالر کی کامیاب بولی لگائی، محمد علی نگری نے کہا کہ یہ دنیا میں اب تک کا سب سے بلند نرخ ہے جو کسی استور مارخور پرمٹ کے لیے دیا گیا ہے، اس سے قبل 25-2024 سیزن میں سب سے زیادہ بولی ایک لاکھ 61 ہزار ڈالر تک گئی تھی۔

گلگت بلتستان کے کنزرویٹر برائے پارکس اینڈ وائلڈ لائف خادم عباس کے مطابق اس بار 20 ریٹ بڑھا دیے گئے ہیں، اسٹور مارخور کے پرمٹ کی بنیادی قیمت 2 لاکھ ڈالر، نیلی بھیڑ کی 30 ہزار ڈالر اور آئی بیکس کی 10 ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے، گزشتہ سال مارخور کے پرمٹ کی قیمت ڈیڑھ لاکھ ڈالر، نیلی بھیڑ کے پرمٹ کی قیمت 9 ہزار ڈالر اور آئی بیکس کے پرمٹ کی بنیادی قیمت ساڑھے 5 ہزار ڈالرمقرر کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:سیلاب کی تباہ کاریوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے گرد شکنجہ سخت

یہ بھی پڑھیں