اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزارتِ خزانہ نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری سنا دی۔ وزارت کی جانب سے جاری نئے آفس میمورینڈم کے مطابق یکم جولائی 2025 یا اس کے بعد ریٹائر ہونے والے تمام وفاقی ملازمین کی پنشن میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ یہ اضافہ برابری کی بنیاد پر تمام وفاقی پنشنرز پر لاگو ہوگا۔ 2011 سے 2024 کے درمیان دیے گئے پانچ مختلف ایڈہاک ریلیف الاؤنس اب مستقل طور پر پنشن کا حصہ بن جائیں گے۔ اس کے لیے گراس پنشن میں سے کمیوٹ شدہ رقم منہا کرنے کے بعد ان پانچ اضافوں کو شامل کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق، ان پانچ ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مجموعی شرح 70 فیصد بنتی ہے۔ اس حساب سے سرکاری ملازمین کی بیس لائن پنشن ہی آئندہ کے لیے نیٹ پنشن تصور ہوگی، جس میں یہ تمام سابقہ اضافے بھی شامل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، ان میں 2011 میں دیا گیا 15 فیصد، 2015 میں 7.5 فیصد، 2022 میں 15 فیصد، 2023 میں 17.5 فیصد اور 2024 میں دیا گیا مزید 15 فیصد اضافہ شامل ہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف نئے ریٹائر ہونے والوں کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ ماضی کے اضافوں کو بھی باضابطہ پنشن کا حصہ بنا دے گا۔
مزید پڑھیں۔پی سی بی کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ مستعفی ہوگئے

