پشاور(نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں بھی موسمِ گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا جس کے بعد طلبہ، والدین اور اساتذہ کو گرمی کی شدت سے قبل ریلیف مل گیا ہے۔
ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں تعلیمی ادارے 22 مئی 2026 سے 31 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پہلے شیڈول کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات یکم جون سے شروع ہو کر 31 اگست تک جاری رہنا تھیں تاہم عید کی تعطیلات اور ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث تعطیلات کا آغاز پہلے کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 مئی کو جمعہ ہوگا جبکہ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات بھی ہوں گی، اسی لیے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں 22 مئی سے ہی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو غیر ضروری آمد و رفت سے بچایا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اور سرد ترین پہاڑی علاقوں کے لیے موسمِ گرما کی تعطیلات کا شیڈول پہلے ہی تیار کیا جا چکا تھا تاہم موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے میدانی علاقوں میں تعطیلات کے آغاز کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کے سرد ترین پہاڑی علاقوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات یکم جولائی 2026 سے شروع ہوں گی جو 31 جولائی 2026 تک جاری رہیں گی اور یکم اگست سے تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت، عید تعطیلات اور تعلیمی شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تعطیلات کے دوران بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر بھی توجہ دیں تاکہ نئے تعلیمی سیشن میں طلبہ کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
مزید پڑھیں۔سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت مزید بڑھ گئی
