سرگودھا ( اوصاف نیوز)سرگودھا تھانہ سٹی کے سب انسپکٹر نے پولیس وردی کی عزت نیلام کر دی! مبینہ رشوت خوری کی ویڈیو منظر عام پر آنے سے پولیس کے نظام پر سوالات کھڑے ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر الیاس گوندل کی ایک ویڈیو ٹی وی نائن کو موصول ہوئی ہے جس میں انہیں ایک شہری سے پچاس ہزار روپے رشوت لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں مقدمہ نمٹانے کے عوض مبینہ سودے بازی اور گفتگو بھی صاف طور پر سنائی دیتی ہے۔
عینی شاہد کے مطابق شہری نے معاملہ طے کرتے ہوئے موقع پر ہی تھانیدار کی خفیہ ویڈیو بنا لی جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات “رشوت فری پنجاب” کے نعرے کی کھلی توہین ہیں۔ شہریوں نے ڈی پی او سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے راشی اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں تاکہ پولیس کے وقار کو بحال کیا جا سکے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب تک پولیس میں چھپی ایسی کالی بھیڑیں ادارے کی ساکھ کو داغدار کرتی رہیں گی؟
پولیس کا نظام میرٹ سے ہٹ کر ’’رشوت دو، معاملہ نمٹا دو‘‘ کے فارمولے پر نہیں چل سکتا۔ عوام انصاف اور شفافیت کی بحالی کے منتظر ہیں۔
مزید پڑھیں:ن لیگی ایم پی اے چوہدری نعیم اعجازقتل کیس میں پھنس گئے



