لاہور(اوصاف نیوز) برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا جس سے شہریوں میں تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 450 سے 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جب کہ سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق اس کی قیمت 390 روپے فی کلو مقرر ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں جس پر حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے، پرائس لسٹیں صرف کاغذوں تک محدود ہیں جبکہ مارکیٹ میں ان پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوتا۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی انتظامیہ مہنگائی روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، چکن کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے باعث یہ بنیادی اشیائے خوردونوش بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لے اور مارکیٹ میں کنٹرول ریٹ پر سختی سے عمل درآمد کرائے ۔
برائلر گوشت کی بڑھتی ہوئی قیمتیں پولٹری فارم کے اخراجات اور سپلائی چین کے مسائل سے بھی منسلک ہو سکتی ہیں، جن پر حکومت کو فوری طور پر توجہ دینی چاہیے۔
مزید پڑھیں:ایپل کا پاکستان میں پہلا آفیشل اسٹور کھولنے کا اعلان




