لاہور (اوصاف نیوز) پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبر۔ گلوبل ٹیک کمپنی ایپل نے 2025 کے آخر تک پاکستان میں اپنا پہلا آفیشل ریٹیل اسٹور کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اہم اعلان ائیر لنک کمیونیکیشن کی جانب سے کیا گیا ہے جو کہ ملک کی معروف ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ کمپنی کے مطابق ایپل کا پہلا فلیگ شپ اسٹور لاہور کے مشہور ڈولمین مال میں قائم کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی مقام پر Xiaomi کا ایک ریٹیل اسٹور بھی کھولا جائے گا، جس سے صارفین کو ایک ہی جگہ پر دو عالمی معیار کے ٹیکنالوجی برانڈز تک رسائی ملے گی۔
GNext Technologies، جو پاکستان میں ایپل کا آفیشل ڈسٹری بیوٹر ہے، بھی اس پروجیکٹ میں شراکت دار ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے، صارفین کو اب ایپل کی حقیقی مصنوعات، بین الاقوامی وارنٹی اور آفیشل کسٹمر سپورٹ تک رسائی حاصل ہو گی، جو پہلے صرف بیرون ملک سے ہی ممکن تھی۔
نیا اسٹور ایپل واچ، میک بک، آئی پیڈ اور آئی فون اور دیگر مصنوعات کی وسیع رینج پیش کرے گا جو اب مقامی مارکیٹ میں پورے اعتماد کے ساتھ دستیاب ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عالمی ٹیکنالوجی کمپنیاں اب پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔ ایپل کی آمد سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ صارفین کو جعلی یا سمگل شدہ مصنوعات کے خطرات سے بھی بچایا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستانی پاسپورٹ کے صفحہ اول میں تبدیلی!امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی وضاحت آگئی