ممبئی (شوبز ڈیسک )تامل اورتیلگو فلموں کی بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنے ممکنہ بوائے فرینڈ و اداکار وجے دیوراکونڈا سے خاص رشتے کے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔ اپنی بہترین اداکاری کے سبب فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا نے سال 2022 میں بالی وڈ میں ڈیبیو دیا اور اپنے فن کا مظاہرہ کر کے بالی وڈ میں بھی نام بنالیا۔
وجے نے فلم ‘لیگر’ جبکہ رشمیکا مندانا نے ‘گُڈبائے’ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا لیکن بالی وڈ میں کام کرنے سے قبل ہی دونوں ہی فنکار پورے بھارت میں ‘کرش’ قرار دے دیے جاچکے تھے۔
سال 2024 کے آغاز میں بھارتی میڈیا میں یہ خبریں شہ سرخیوں کا حصہ بنیں کہ وجے اور رشمیکا آئندہ ماہ فروری کے دوسرے ہفتے میں منگنی کرنے جارہے ہیں لیکن اسٹارز نے اس خبر کی تردید کردی۔
اب رشمیکا نے ایک انٹرویو کے دوران وجے دیوراکونڈا کے متعلق اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ میں اور وجو ایک ساتھ بڑے ہوئے ہیں اور آج میری ہر کامیابی میں وجے کا حصہ ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ میں اپنے ہر فیصلے میں وجے کا مشورہ لازمی لیتی ہوں اور وہ ہر بات کا جواب ہاں میں دینے والا شخص نہیں بلکہ وہ ہر معاملے میں اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتا ہے جو بھی اس کو ٹھیک لگتا ہے اور مجھے لگتا ہے یہ سب سے اچھی بات ہے’۔
رشمیکا نے وجے سے اپنے خاص تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘ وجے نے ذاتی طور پر میری بے انتہا مدد کی ہے اور اسی سبب میں وجے کی تہے دل سے عزت کرتی ہوں’۔
علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی اور وجے کی شادی کے حوالے سے کہا کہ ‘ میں ابھی شادی نہیں کر رہی ہوں یہ تو بس میڈیا ہے جو ہر دو سال میں میری شادی کروانا چاہتا ہے’۔
وجے اور رشمیکا سال 2018 میں ایک تیلگو فلم ‘گیتا گووندم’ میں بطور جوڑی جلوہ گر ہوئے جس میں دونوں کی جادوئی کیمسٹری فلم بینوں کے دل میں گھر کر گئی۔
سال 2019 میں یہ جوڑی ایک اور تیلگو فلم ‘ڈیئر کومریڈ’ میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئی اور ان کی رومانوی اداؤں نے اس فلم کو بھی سپر ہٹ بنادیا۔
جہاں اس جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا وہیں دونوں کے درمیان بھی قربتیں بڑھتی چلی گئیں اور یہ جوڑی اکثر و بیشتر ایک ساتھ دکھنے لگی۔
