کراچی (شوبز ڈیسک) فلم اورٹی وی کی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام جیتو پاکستان لیگ میں ثنا جاوید کی جگہ لے لی۔خیال رہے کہ ثنا جاوید کچھ عرصہ قبل ہی سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں،جیتو پاکستان لیگ نجی چینل پر ہر سال رمضان المبارک میں نشر ہوتا ہے، جس کے فارمیٹ میں گیمز اور انعامات کی تقسیم شامل ہے۔
شو کے حوالے سے چینل کے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ سنا ہے کہ جیتو پاکستان لیگ کی تیاریاں ہورہی ہیں، تو میں نے سوچا کہ میں بھی آپ سب کو ایک سرپرائز دے دوں۔
ویڈیو میں کبریٰ خان کا مزید کہنا تھا کہ اس بار جیتو پاکستان لیگ میں آرہی ہوں میں، اور اسلام آباد ڈریگن کی کیپٹن میں بنوں گی، جس کے لیے میں بہت پُرجوش ہوں، کیا آپ سب تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ثنا جاوید شو کےگزشتہ سیزن میں ٹیم اسلام آباد کی کپتان تھیں، تاہم بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ اب وہ اس کا حصہ نہیں بن سکیں گی جس پر ان کے مداحوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ملک میں اس وقت پاکستان سپر لیگ کا 9 سیزن کھیلا جارہا ہے جس میں شعیب ملک کراچی کنگز کی جانب سے حصہ لے رہے ہیں اور ثنا جاوید اپنے شوہر کو سپورٹ کرنے کے لیے اکثر اسٹیڈیم میں نظر آتی ہیں۔
