Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

عمران ہاشمی کی پاکستانی فلم کیوں نہ بن سکی؟

کراچی (شوبز ڈیسک)سندھی تھیٹر سے اداکاری میں نام کمانے والے اداکار علی گل ملاح نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ ایک فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا۔

علی گل نے معروف اداکارہ غزل صدیق کے پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی اور اپنے کیرئیر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

خیال رہے کہ علی گل ملاح نے ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ کے کردار فضل بخش سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے جس کے بعد انہیں یکے بعد دیگر ڈراموں اور فلموں کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔

اداکار نے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہدایت کار فاروق رند کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ میں ان کے کردار کو دنیا بھر میں بے حد پسند کیا گیا ہے جس کے بعد مختلف پروجیکٹس میں کام ملنا شروع ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے علی گل ملاح نے بتایا کہ انہوں نے اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز کے ساتھ بھی ایک فلم سائن کی ہے تاہم انہوں نے اس فلم کے بارے میں زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
مزیدپڑھیں:بہنی سنگھ، فارس شفیع ملاقات، مداحوں کو کچھ اچھا سننے کا انتظار

اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ ان کی پہلی فلم نہیں ہے بلکہ ماضی میں انہیں بالی وڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی اور پاکستانی لیجنڈ اداکار ندیم بیگ کے ساتھ کاسٹ کیا گیا تھا۔ علی گل ملاح کے مطابق اس فلم کا نام ’تم سے پیار ہے‘ تھا جس کی شوٹنگ کراچی یا دبئی میں ہونا تھی تاہم وہ فلم مختلف وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی۔

دورانِ انٹرویو اداکار نے اس فلم کے بارے میں مزید بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب پاک بھارت تعلقات بہتر تھے اور دونوں ممالک کے فنکار اور کامیڈین ایک دوسرے کے یہاں آتے جاتے تھے، اس وقت عمران ہاشمی کو فلم کیلئے 20 لاکھ روپے میں سائن کیا تھا اور بہت سے فنکار سرحد پار پروجیکٹس میں کام کر رہے تھے۔ تاہم فلم میں تاخیر ہوتی رہی کیونکہ اس کی شوٹنگ دبئی میں ہونی تھی۔

علی گل ملاح نے مزید بتایا کہ 6 ماہ کی شوٹنگ کے بعد فلم میں اتنی تاخیر ہوئی کہ عمران ہاشمی نے اپنی فیس 20 سے 3 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کردیا کیونکہ ان کی بالی وڈ فلمیں ہٹ ہو گئی تھیں اور اتنا بڑا معاوضہ فلم بنانے والوں کے لیے قابل برداشت نہیں تھا، اس طرح وہ فلم منسوخ ہوگئی اور کبھی مکمل نہ ہو سکی۔

خیال رہے کہ سندھی تھیٹر سے اداکاری میں نام کمانے والے اداکار علی گل ملاح کا کیرئیر 30 برسوں پر محیط ہے تاہم انہیں جو شہرت فاروق رند کے ڈرامہ سیریل ’عشق مرشد‘ سے ملی وہ اس سے قبل نہیں ملی تھی، ڈرامے میں فضل بخش کا مزاحیہ کردار نبھانے والے علی گل ملاح کے تکیہ کلام ‘بَھلَے’ نے اداکار کی شہرت میں چار چاند لگا دیے۔

یہ بھی پڑھیں