بالی وڈ اسٹارز کی گلیمرس بیویاں خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ کامیاب بزنس ویمن بھی ہیں جو مختلف شعبوں میں ملین ڈالرز کے بزنس کے ذریعے اسٹارز کے اثاثوں کی ملکیت میں اضافے کا ذریعہ ہیں۔آئیے نظر ڈالتے ہیں ان بالی وڈ اسٹارز کی بیگمات پر جو فیشن سے لے کر فلم پروڈکشن اور انٹیرئیر ڈیزائننگ تک ایک کامیاب کاروبار کو سنبھالے ہوئے ہیں۔
گوری خان
شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کا نام بزنس ویمن کی فہرست میں کوئی ڈھکا چھپا نہیں،گوری فلم پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ معروف انٹیرئیر ڈیزائنر بھی ہیں، وہ اپنے شوہر شاہ رخ کے ہمراہ ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی شریک مالک بھی ہیں۔گوری خان اب تک کئی ریسٹورینٹس اور مشہور شخصیات مثلاً رنبیر کپور اور کرن جوہر کے گھروں کو بھی ڈیزائن کرچکی ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ
بالی وڈ اداکارہ اور اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ نے انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے کے بعد بطور مصنفہ اور کالم نگار ایک شاندار کیرئیر کو آگے بڑھایا۔ٹوئنکل سب سے زیادہ فروخت ہونے والی متعدد کتابوں کی مصنفہ بھی ہیں ان کتابوں میں ’مسز فنی بونز‘ اور ’دی لیجنڈ آف لکشمی پرساد‘ شامل ہیں۔دوسری جانب ٹوئنکل کھنہ ایک پروڈکشن ہاؤس ’مسز فنی بونز موویز ‘ کی مالک بھی ہیں، اس پروڈکشن ہاؤس سے بالی وڈ فلم ’پیڈ مین‘ تیار کی گئی۔
شوبھا کپور
بالی وڈ کے سینئر اداکار جتیندر کی اہلیہ شوبھا کپور بھارت کے معروف پروڈکشن ہاؤسز بالاجی ٹیلی فلمز کی منیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔بالاجی ٹیلی فلمز نے بھارت کی انٹرٹینٹمنٹ انڈسٹری کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیاہے اس پروڈکشن ہاؤس کی بنائی گئی فلموں میں دی ڈرٹی پکچر، ایک ولن اور ڈریم گرل جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔
منا شیٹی
سنیل شیٹی کی اہلیہ منا شیٹی بھارت کی ایک معروف بزنس ویمن ہیں جو بھارت کے ایک مقبول ڈیزائنر برانڈ منا اور ایشا کی مالک ہیں۔دوسری جانب منا شیٹی سیو دی چلڈرن آف انڈیا کے فلاحی اقدامات میں بھی سرگرم رہتی ہے، مزید برآں منا شیٹی نے فیشن اور رئیل اسٹیٹ ایجنسی میں بھی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔
منیاتا دت
سنجے دت کی اہلیہ منیاتا دت ایک بزنس ویمن ہونے کے ساتھ ساتھ سنجے دت پروڈکشن کا انتظام و انصرام بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منیاتا پروڈکشن ہاؤس کے آپریشنز کو سنبھالتی ہیں جب کہ ایک انٹرویو میں سنجے دت نے اعتراف کیا تھا ان کی اہلیہ خاندان کا ایک مضبوط ستون ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں بھی پورے گھر کو سنبھالے رکھا۔
نتاشا دلال
نتاشا دلال فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نیویارک سے گریجویٹ ہیں اور وہ ایک فیشن ڈیزائنر ہیں جن کا ’نتاشا دلال’ نام سے ایک برانڈ بھی ہے، یہ برانڈ برائیڈل لباس کی تیاری میں ایک خاص مقام رکھے ہوئے ہے۔

