کراچی(شوبز ڈیسک)نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے مقبول ڈرامے ’جان نثار‘ میں کشمالا کا منفی کردار ادا کرنے والی حبا علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ڈرامے ولن کا کردار ادا کرنے پر حقیقی زندگی میں دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ حبا علی خان نے جاں نثار میں کشمالا نامی خاتون کا کردار نبھایا ہے جوکہ ہیرو دانش تیمور کی پہلی اہلیہ ہوتی ہیں جب کہ ڈرامے میں حبا بخاری نے دانش تیمور کی دوسری اہلیہ دعا کا کردار ادا کیا ہے۔
ڈرامے میں جہاں حبا بخاری اور دانش تیمور کے کردار کو پسند کیا جا رہا ہے، وہیں حبا علی خان کی منفی اداکاری کو بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
ڈرامے میں حبا علی خان ہر وقت اپنے شوہر دانش تیمور اور ان کی دوسری بیوی حبا بخاری کے خلاف سازشیں کرکے ان کے رشتے اور تعلق میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے کردار اور ڈرامے سے متعلق کھل کر بات کی۔
حبا نے بتایا کہ انہوں نے اسکرپٹ پڑھنے کے فوراً بعد ہی کردار ادا کرنے کی حامی بھرلی تھی، کیوں کہ انہیں لگا کہ ان کا کردار مختلف اور سب سے جاندار ہے۔
حبا علی خان نے کہا کہ وہ پورے ڈرامے میں ہر وقت دانش تیمور اور حبا علی بخاری کی زندگی کو خراب کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہیں، جس پر ان کے کردار سے کافی نفرت بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں حبا بخاری اور دانش تیمور کے تعلق کو خراب کرنے کی کوشش پر انہیں انسٹاگرام میسیجز میں دھمکیاں دی گئیں، انہیں کہا گیا کہ ان کا گناہ ناقابل معافی ہے۔
اداکارہ کے مطابق نہ صرف انسٹاگرام میسیجز بلکہ یوٹیوب پر ڈرامے کی ویڈیوز سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لوگ ان کے کردار سے نفرت کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے دانش تیمور اور حبا بخاری کے ساتھ بہت برا کیا ہے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ سخت گرمیوں میں ہوئی تھی، جس وجہ سے ہدایت کار دو بار بے ہوش ہوگئے تھے جب کہ ان کی اور حبا بخاری کی طبیعت بھی خراب ہوگئی تھی۔
حبا علی خان نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے کے اختتام پر لوگ ان کے کردار پر ترس بھی کھانے لگیں گے ہیں، کیوں کہ آخری اقساط میں دکھایا جائے گا کہ انہوں نے اس قدر منفی کردار کیوں ادا کیا؟
مزیدپڑھیں :سولر پینل کی قیمتوں میں اضافہ، صنعتی ماہرین نے خبردار کر دیا

