پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار نہ صرف اداکاری کے میدان کے مایہ ناز کھلاڑی ہیں بلکہ انہوں نے تعلیم کے میدان میں بھی خوب جھنڈے گاڑے ہیں۔
پاکستانی شوبز ستاروں کی اکثریت اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے، موجودہ دور کے فنکاروں کی بات کی جائے تو ان میں بیشتر فنکار ایسے ہیں جو تعلیم مکمل ہونے کے بعد ہی شوبز انڈسٹری سے منسلک ہوئے ہیں۔بدقسمتی سے پاکستان میں ایسے تعلیمی ادارے بہت کم ہیں جہاں ایکٹنگ ، ڈرامہ اور گلوکاری کی تعلیم دی جاتی ہو، اس لیے بہت سے اداکار ایسے ہیں جنہوں نے بیرون ملک جا کر ان شعبوں کی باقاعدہ تعلیم حاصل کررکھی ہے۔ذیل میں ہم کچھ ایسے اداکاروں کا ذکر کریں گے جو ایک طرف اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں تو دوسری طرف انہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر بھی خوب دکھائے ہیں۔
حمزہ علی عباسی
حمزہ علی عباسی کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت سارے مواقعے ہوتے ہوئے بھی شوبز کو کیرئیر بنانے کا سوچا، حمزہ علی عباسی نے انٹرنیشنل ریلیشنز میں امریکا سے ماسٹر کیا، اس کے بعد انہوں نے سی ایس ایس کے امتحان میں کامیاب ہو کر پولیس سروس جوائن کی۔پولیس میں ایس ایس پی جیسا بڑا عہدہ ملنے کے باوجود بھی وہ اپنے کیرئیر سے مطمئن نہیں تھے، انہوں نے اداکاری میں قسمت آزمائی کا سوچا، پولیس سروس سے استعفیٰ دیا اور آج ان کو کون نہیں جانتا۔حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ پولیس سروس چھوڑنے پر ان کی والدہ ان سے بہت ناراض ہوئی تھیں اور کافی عرصے تک ان سے بات بھی نہیں کی تھی۔
عمران عباس
خوبرو اداکار عمران عباس نے ماڈلنگ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ،خوبصورتی ان کا پلس پوائنٹ ثابت ہوئی اور انہیں ڈراموں میں بھی کردار ملنے لگے، ان کا شمار ایک کامیاب ماڈل ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب اداکار کے طور پر بھی ہوتا ہے۔2012 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ‘خدا اور محبت ’ میں انہوں نے شاندار اداکاری کی، عمران عباس نے نیشنل کالج آرٹس سے آرکیٹیکچر کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے۔ویسے تو شوبز عمران عباس کا کُل وقتی پیشہ ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فارغ وقت میں آرکیٹیکچر سے متعلق مضامین پڑھتے ہیں ۔
فواد خان
فواد خان اپنی اداکاری اور خوبصورتی کی بنا پر پاکستان اور انڈیا دونوں ملکوں میں بہت مقبول ہیں۔پاکستان میں جہاں انہوں نے ڈراموں میں شاندار اداکاری کی وہیں بھارت کی فلم انڈسٹری میں بھی وہ قدم جمانے میں کامیاب رہے، فواد خان نے سافٹ ویئر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی ہوئی ہے۔
نعمان اعجاز
مشہور اداکار نعمان اعجاز کو شوبز سے وابستہ ہوئے یہ تیسری دہائی ہے، انہوں نے اداکاری میں لوہا منوانے کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے۔انہوں نے اپنے کرداروں میں یکسانیت پیدا نہیں ہونے دی ، نعمان اعجاز نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی ہوئی ہے۔
آمنہ شیخ
اداکارہ آمنہ شیخ کا شمار کامیاب ماڈلز اور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے کیرئیر کی ابتدا ماڈلنگ سے کی اور پھر ایک فرانسیسی برانڈ کی ماڈل کے طور پر کام کرتی رہیں۔انہوں نے کئی ڈراموں میں اپنی اداکارانہ صلاحیتیں دکھائیں، آمنہ شیخ نے امریکا کی ہمپشائر کالج سےویڈیو پروڈکشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
