ارجن کپور بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار ہیں، جو اپنی منفرد شخصیت، مضبوط اداکاری، اور متنوع کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کم وقت میں بالی وڈ میں اپنی جگہ بنائی اور کئی کامیاب فلموں کا حصہ رہے۔
ارجن کپور فلموں میں ہیرو کے علاوہ منفی کردار ادا کرنے سے بھی نہیں کتراتے، ان دنوں وہ اپنی ہٹ ہونے والی فلم ‘سنگھم اگین’ کی کامیابی کا مزہ لے رہے ہیں۔ارجن کپور 26 جون 1985 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔وہ مشہور فلمساز بونی کپور کے بیٹے اور مشہور اداکارہ سری دیوی کے سوتیلے بیٹے ہیں۔
ارجن نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی میں حاصل کی لیکن وزن کے مسائل کی وجہ سے وہ شروع میں فلمی دنیا میں آنے سے ہچکچا رہے تھے، وزن کم کرنے اور خود کو تیار کرنے کے بعد انہوں نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا۔ارجن کپور نے اپنے کیریئر کا آغاز 2012 میں فلم ‘عشق زادے’ سے کیا، جس میں انہوں نے پرما چوھان کا کردار ادا کیا۔ فلم میں ان کے ساتھ پرینیتی چوپڑا نے کام کیا، اور یہ فلم ایک بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو ناقدین اور شائقین نے بے حد سراہا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گیارہویں جماعت میں فیل ہونے کے بعد اپنی تعلیم ترک کردی تھی، اس کے بعد انہوں نے فلم ‘عشق زادے’ میں کام کرنے کا رسک بھی لیا۔ارجن کپور کا کہنا تھا کہ کسی کے والدین کے لیے یہ بہت مشکل ہوتا ہے کہ ان کی اولاد تعلیم مکمل نہیں کرپائے لیکن میرے والدین نے مجھے بہت زیادہ سپورٹ کیا، فلموں میں کامیابی کی وجہ والدین کی سپورٹ ہی ہے۔
اپنے ابتدائی کیرئیر سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم‘کل ہو نہ ہو’ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر شوبز میں قدم رکھا، ان کی شروع سے خواہش فلموں میں اداکاری کی تھی، فلم ‘عشق زادے’ نے ان کے مستقبل کا تعین کیا، اگر یہ فلم ناکام ہوجاتی تو وہ آج اس مقام پر نہ ہوتے۔
ارجن کپور نے مزید بتایا کہ ‘عشق زادے ’ کی کامیابی نے انہیں اس ٹراما سے نکلنے میں مدد دی جس بنا پر وہ اپنی تعلیم مکمل نہیں کرسکے تھے۔ارجن کپور نے اپنی زندگی کا اذیت ناک پہلو بتاتے ہوئے کہا کہ ‘عشق زادے ’ کی ریلیز سے 45 روز قبل ہی ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا، فلم کی پرموشن کے دوران وہ اس غم کے باعث کھوئے کھوئے سے رہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے آڈینس کو ‘عشق زادے ’ کے لیے تالیاں بجاتے ہوئے دیکھا تو انہیں بہت سکون حاصل ہوا، اس فلم کی کامیابی نے ان کی زندگی کی ڈگر ہی بدل دی ، یہ میرا لائف چینجنگ موومنٹ تھا۔
