کراچی(نیوز ڈیسک)سینئر اداکار فردوس جمال نے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر اور عائشہ خان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات انسان کو اپنی آخری گھڑی کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
فردوس جمال نےحال ہی میں’’آر ٹی ایس وِد 24 پلس‘‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔انٹرویو کے دوران انہوں نے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر اور اداکارہ عائشہ خان کی تنہائی میں ہونے والی موت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت کی خبر سن کر دل بہت غمزدہ ہو گیا تھا، خاص طور پر یہ جان کر کہ ان کے آخری وقت میں کوئی ان کے پاس موجود نہ تھا۔
سینئراداکار نے کہا کہ عام طور پر اگر کوئی مر جائے تو ہم اسے سانحہ نہیں کہتے کیونکہ موت ایک فطری عمل ہے، ہم سب نے مرنا ہے، صرف اللہ ہی ہمیشہ باقی رہنے والا ہے، مٹی کو مٹی میں ملنا ہے، انسان کو واپس جانا ہے، یہ قدرتی عمل ہے لیکن اس طرح کی واپسی انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔ جس انداز میں یہ واقعات پیش آئے وہ افسوسناک ہے، ان واقعات نے دل کو بے چین کر دیا ہے اور دل میں یہی خیال آ رہا ہے کہ معلوم نہیں جب ان کی موت ہوگی تو ان کے پاس کوئی ہوگا یا نہیں۔
سینئراداکارنے کہا کہ انسان کی اہمیت اس وقت تک ہوتی ہے جب تک لوگوں کی نگاہوں میں اس کی کوئی وقعت باقی ہو، جیسے ہی وہ وقعت ختم ہو جائے انسان اپنی قدر کھو دیتا ہے،جب تک انسان دوسروں کو فائدہ پہنچاتا ہے تب تک اس کی قدر کی جاتی ہے لیکن جیسے ہی وہ فائدہ دینا بند کر دے، اس کی اہمیت بھی ختم ہو جاتی ہے۔
سینئراداکار نے مزید کہا کہ اب دور بہت بدل چکا ہے، انسان کے خونی رشتے بھی یہ دیکھتے ہیں کہ یہ شخص ہمیں کیا فائدہ پہنچا رہا ہے، اگر آپ گھر میں کچھ نہیں کرتے تو گھروالوں کا رویہ آپ کے ساتھ بدل جاتا ہے کیونکہ آج کا انسان بہت زیادہ مادیت پسند ہو گیا ہے، اب وہ ہر شخص کو صرف اس نظر سے دیکھتا ہے کہ وہ ہمیں کیا فائدہ دے سکتا ہے، اگر کسی شخص سے انہیں کوئی فائدہ نہ ہو تو وہ اسے دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے۔
فردوس جمال نے کہاکہ ہماری سوچ اور رویہ بہت منفی ہو چکے ہیں، ہم اتنے مادیت پرست ہو گئے ہیں کہ کسی کی تعریف میں دو بول کہنا بھی ہمیں گراں گزرتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ عائشہ خان اور اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاشیں ان کی موت کے کئی دن بعد ان کے گھروں سے ملی تھیں،20 جون کوسینئراداکارہ عائشہ خان کی ایک ہفتے پرانی لاش ان کے فلیٹ سے ملی، جبکہ حمیرا اصغر کی 8 سے 10 ماہ پرانی لاش گزشتہ ہفتے ان کے فلیٹ سے برآمد ہوئی۔
مزیدپڑھیں:حج پر آنے والی خواتین کے لیے محرم کی شرط ختم،حج اخراجات قسطوں پر لینے پر غور
