واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی گلوکارہ کیتھرین الزبتھ ہڈسن المروف کیٹی پیری نے کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
13 اکتوبر کو لندن کے O2 ایرینا میں اپنے کنسرٹ کے دوران گلوکارہ نے اسٹیج پر ایک دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لندن، انگلینڈ، تم لوگ پیر کی رات کو کام اور اسکول کے ایک پورے دن کے بعد بھی ایسے ہو؟
پھر مذاقاً کہا کہ اسی لیے میں ہمیشہ انگریز مردوں کے عشق میں پڑ جاتی ہوں مگر اب نہیں۔
اسی شو کے دوران ایک مداح نے انہیں اچانک شادی کی پیشکش بھی کی جسے کیٹی نے مسترد کر دیا۔
انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ کاش تم نے یہ 48 گھنٹے پہلے پوچھا ہوتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تبصروں سے چند روز قبل کیٹی پیری اور جسٹن ٹروڈو کی کچھ تصاویر منظرِ عام پر آئیں جن میں دونوں کو کیلیفورنیا کے ساحلِ سانتا باربرا کے قریب ایک یاٹ پر بوسہ لیتے اور ایک دوسرے کو گلے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ تصاویر میل آن سنڈے نے حاصل کیں اور ان سے ان کے درمیان مبینہ رومانس کی خبروں کو تقویت ملی۔
ایک ذریعے نے دی سن کو بتایا کہ دونوں رواں سال کے آغاز سے ہی خفیہ طور پر ڈیٹنگ کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگرچہ کیٹی دورے پر ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ وقت ساتھ نہیں گزار پا رہے مگر دونوں مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، جیسے کہ فیس ٹائم اور میسجنگ کے ذریعے۔
یاد رہے کہ کیٹی پیری نے جولائی میں اپنے منگیتر اورلینڈو بلوم سے راہیں جدا کرلی تھیں جن سے ان کی ایک 5 سالہ بیٹی ڈییزی ڈوو بلوم ہے۔
دوسری جانب جسٹن ٹروڈو نے سنہ 2023 میں اپنی سابقہ اہلیہ صوفی سے 18 سال بعد علیحدگی اختیار کی۔ ان کے 3 بچے ہیں۔
مزید پڑھیں: خاتون رقص کرتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی
