Search
Close this search box.
هفته ,20 جون ,2026ء

5 سالہ قید کے دوران کیا کچھ برداشت کیا؟ سنجے دت کے چونکا دینے والے انکشافات

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے حالیہ انٹرویو میں اپنی زندگی کے اس انتہائی کٹھن مرحلے پر روشنی ڈالی ہے جو انہوں نے 5 سالہ قید کے دوران گزارا۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ دور ان کی شخصیت اور سوچ میں نمایاں تبدیلی کا سبب بنا۔

انٹرویو میں سنجے دت نے اپنے قانونی مسائل اور ان مشکلات کا تفصیل سے ذکر کیا جن کا انہیں جیل میں سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ بابری مسجد واقعے کے بعد ان کے اہلِ خانہ شدید دباؤ اور دھمکیوں کی زد میں تھے۔ اداکار کے مطابق ان پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا حالانکہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

سنجے دت نے یہ بھی کہا کہ پانچ سال کی سزا مکمل کرنے کے باوجود وہ آج تک اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ انہیں کن بنیادوں پر جیل بھیجا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ عدالتوں نے بعد ازاں تسلیم کیا کہ اُن کا بم دھماکوں کے مقدمے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اپنی قید کے تجربے کو مشکل مگر سبق آموز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ وقت قانون کی کتابیں پڑھنے، عبادت کرنے اور اپنی ذہنی مضبوطی کو برقرار رکھنے میں گزارا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشکلات کے آگے جھکنے کے بجائے انہیں زندگی کے اہم اسباق کے طور پر قبول کیا اور ثابت قدمی و صبر سے کام لیا۔

اداکار سنجے دت کو 1993 کے ممبئی بم دھماکوں سے منسلک اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کو بھارتی عدالت کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

سنجے دت ان دنوں اپنی آنے والی متنازعہ فلم ’دھُرندھر‘ کی تیاری میں مصروف ہیں جس میں وہ رنویر سنگھ کے ساتھ اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ فلم میں پاکستانی سیاسی مناظر جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے، شہید بینظیر بھٹو کی تصاویر اور پارٹی کے پرچم شامل کیے گئے ہیں جس کے باعث فلم ریلیز سے پہلے ہی بحث کا مرکز بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ سنجے دت نے کھل نائیک، واسٹو اور منّا بھائی ایم بی بی ایس جیسی مقبول فلموں میں شاندار اداکاری کے ذریعے ہندی سنیما میں ایک منفرد شناخت قائم کی جس نے ان کی شہرت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
مزیدپڑھیں:بیلرینا سے ارب پتی تک، دنیا کی کم عمر ترین ارب پتی کون ہیں؟

یہ بھی پڑھیں