متحدہ عرب امارات کے شہر Dubai میں منعقد ہونے والا مائیکل جیکسن ڈرون شو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔ دنیا کی بلند ترین عمارت Burj Khalifa کے سامنے ہزاروں ڈرونز نے فضا میں شاندار روشنیوں کے ذریعے عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکار Michael Jackson کی دیوہیکل تصویر بنا کر حاضرین کو دنگ کر دیا۔
شاندار شو کے دوران مائیکل جیکسن کے مشہور گانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں، جبکہ رنگ برنگی روشنیوں اور جدید ٹیکنالوجی نے دبئی کی رات کو یادگار منظر میں تبدیل کر دیا۔ حاضرین کی بڑی تعداد نے اس منفرد لمحے کو موبائل فونز میں محفوظ کیا اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
منتظمین کے مطابق اس خصوصی شو کا مقصد مائیکل جیکسن کی موسیقی اور عالمی پاپ کلچر کیلئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ انہیں دنیا بھر میں “کنگ آف پاپ” کے لقب سے جانا جاتا ہے، جنہوں نے موسیقی، رقص اور اسٹیج پرفارمنس کے ذریعے کروڑوں مداحوں کے دل جیتے۔
مائیکل جیکسن نے کم عمری میں اپنے بھائیوں کے ساتھ موسیقی کے سفر کا آغاز کیا تھا، تاہم بعد میں بطور سولو آرٹسٹ بے پناہ شہرت حاصل کی۔ ان کا مشہور البم Thriller آج بھی دنیا کے مقبول ترین میوزک البمز میں شمار ہوتا ہے۔
دبئی میں پیش کیے گئے اس منفرد ڈرون شو کو نہ صرف ایک جدید ٹیکنالوجیکل شاہکار قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ موسیقی کی دنیا کے ایک عظیم لیجنڈ کو منفرد انداز میں خراج عقیدت بھی سمجھا جا رہا ہے۔
