Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

راحت فتح علی خان کو جائیداد تنازع کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے اہم ریلیف

راحت فتح علی خان

معروف گلوکار اور قوال راحت فتح علی خان کو جائیداد تنازع کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی جانب سے ان کی اپیل مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیل بحال کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ صرف عدالتی فیس بروقت جمع نہ کرانے کی بنیاد پر اپیل خارج کرنا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق راحت فتح علی خان نے فیصل آباد میں ایک کنال 9 مرلے پر مشتمل دو منزلہ گھر پر اپنے قبضے کے حق کی تصدیق کے لیے سول عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم 14 مئی 2019 کو سول کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔

بعد ازاں راحت فتح علی خان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، لیکن مقررہ وقت میں 15 ہزار روپے کی عدالتی فیس جمع نہ ہونے پر ٹرائل کورٹ نے اپیل خارج کر دی۔ اس کے بعد گلوکار نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ اپیل کا حق ایک اہم قانونی حق ہے جسے محض تکنیکی بنیادوں پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے فیس جمع کرانے کیلئے صرف چار دن دینا ناکافی تھا۔

عدالت نے راحت فتح علی خان کو ایک لاکھ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل بحال کر دی اور تمام فریقین کو 2 جون کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ کیس کا فیصلہ دو ماہ کے اندر میرٹ پر کیا جائے اور غیر ضروری التوا سے گریز کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں