Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

کرن جوہر نے شاہ رخ اور عالیہ سمیت کئی ستاروں کو اَن فالو کردیا

کرن جوہر

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ کرن جوہر نے اچانک اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بالی ووڈ کے کئی بڑے ستاروں کو اَن فالو کردیا، جس کے بعد مداحوں میں چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔

کرن جوہر کی فالوونگ لسٹ میں اچانک بڑی کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردیں۔ رپورٹس کے مطابق کرن جوہر نے شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، کرینہ کپور، کاجول، سدھارتھ ملہوترا، ورون دھون اور دیگر قریبی شخصیات کو اَن فالو کردیا۔

مداحوں نے اس اقدام کو بالی ووڈ میں ممکنہ اختلافات سے جوڑنا شروع کردیا، تاہم کرن جوہر نے خود سامنے آکر وضاحت کردی۔

کرن جوہر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ یہ سب “ڈیجیٹل ڈیٹاکس” کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنا وقت اور توانائی کم کرنا چاہتے ہیں، اس لیے سب کو اَن فالو کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری سنسنی نہ بنایا جائے کیونکہ یہ کوئی قومی خبر نہیں۔

رپورٹس کے مطابق کرن جوہر کے انسٹاگرام پر 17 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، تاہم اب وہ صرف چند مخصوص اکاؤنٹس کو ہی فالو کر رہے ہیں جن میں دھرما پروڈکشن کے سی ای او اپوروا مہتا اور اداکارہ پریانکا چوپڑا شامل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کرن جوہر کی حالیہ سالگرہ تقریب میں یہی تمام بالی ووڈ ستارے شریک ہوئے تھے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ معاملہ ذاتی اختلافات کے بجائے سوشل میڈیا سے وقتی دوری کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں