بھارتی گلوکار اور ریپر یو یو ہنی سنگھ نے پہلی بار اپنی ذہنی بیماری، نشے کی لت اور زندگی کے مشکل ترین دور کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں یو یو ہنی سنگھ نے بتایا کہ شہرت کے عروج پر وہ بائی پولر ڈس آرڈر اور منشیات کے استعمال کا شکار ہوگئے تھے، جس نے ان کی زندگی تقریباً تباہ کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 2013 اور 2014 میں وہ اپنے کیریئر کے بلند ترین مقام پر تھے، لیکن اسی دوران ان کی ذہنی حالت خراب ہونا شروع ہوگئی۔ ہنی سنگھ کے مطابق وہ تقریباً سات برس تک شدید ذہنی مسائل میں مبتلا رہے اور انہیں لگنے لگا تھا کہ شاید وہ کبھی معمول کی زندگی میں واپس نہ آسکیں۔
یو یو ہنی سنگھ نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان اور اکشے کمار سمیت کئی بالی ووڈ شخصیات نے انہیں بارہا خبردار کیا کہ نشہ اور غیر متوازن طرزِ زندگی ان کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔
گلوکار نے بتایا کہ بیماری کے باعث انہوں نے خود کو ایک کمرے میں محدود کرلیا تھا، جہاں وہ نہ کسی سے ملتے تھے اور نہ ہی سوشل میڈیا یا میڈیا سے رابطہ رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ شاہ رخ خان کے ساتھ ورلڈ ٹور، ایک ٹی وی شو اور پنجابی فلم پر بیک وقت کام کر رہے تھے، لیکن اچانک بائی پولر ڈس آرڈر کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئیں۔
یو یو ہنی سنگھ نے بتایا کہ روحانی سکون، خاندان اور قریبی تعلقات نے انہیں دوبارہ زندگی کی طرف واپس آنے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کا سب سے بڑا خواب بھارت میں ذہنی صحت کیلئے جدید اسپتال قائم کرنا ہے تاکہ ایسے افراد کی مدد کی جا سکے جو ذہنی بیماری اور منشیات کے مسائل سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ “مجھے دوسری زندگی ملی، لیکن ہر کسی کو دوسرا موقع نہیں ملتا۔”
