کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر نئی ڈرامہ سیریز میں ایک منفرد اور حقیقت سے قریب کردار نبھانے کے لیے تیار دکھائی دیتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا قمر ایک نئی سوانحی ڈرامہ سیریز میں مبینہ “پنکی” کا کردار ادا کریں گی، جو حالیہ مہینوں میں کراچی میں گرفتاری کے بعد خبروں کی زینت بنی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق اس مجوزہ ڈرامے میں پنکی کی زندگی، ان کے گرد پیدا ہونے والے تنازعات، گرفتاری اور اس کے بعد ملنے والی غیر معمولی عوامی توجہ کو موضوع بنایا جائے گا۔ اگرچہ ڈرامے کی باضابطہ تصدیق اور شوٹنگ شیڈول تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم اس خبر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کا اسکرپٹ معروف صحافی شاہزیب خانزادہ تحریر کر رہے ہیں، جو اس سے قبل بھی صبا قمر کے ساتھ ایک کامیاب پراجیکٹ پر کام کر چکے ہیں۔
صبا قمر نئی ڈرامہ سیریز کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل دیا۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ صبا قمر پیچیدہ اور حقیقی کرداروں کو مؤثر انداز میں نبھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کی مثال ان کے ماضی کے کامیاب ڈرامے ہیں۔
دوسری جانب بعض صارفین نے اس موضوع پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ انڈسٹری کو معاشرے کی مثبت شخصیات پر بھی کام کرنا چاہیے۔ تاہم کئی لوگوں کا مؤقف ہے کہ ایسی کہانیاں کسی شخصیت کی تعریف نہیں بلکہ اس کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ صبا قمر اس وقت بھی ایک نئے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ ان کی فنی صلاحیتوں کو پاکستان اور بیرونِ ملک بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔
