ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں افغانستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جب کہ آسٹریلیا ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔
ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل کل 26 جون کو جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا، جب کہ دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کا آخری میچ کنگسٹن میں افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان ہوا، جس میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔
بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 19 اوورز میں 114 رنز کا ہدف ملا، بنگلہ دیش کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے مطلوبہ ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا، لیکن بنگال ٹائیگر 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، اس سے قبل انگلینڈ اور جنوبی افریقہ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں : روہت شرما نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

