Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی کلب چھوڑنے کی ایک بڑی پیشکش آگئی

پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی عرب میں فٹبال کریئر ختم کر کے فیفا کلب ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ایک بڑی پیشکش موصول ہوئی ہے۔

رونالڈو اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں، تاہم تین سیزنز گزرنے کے باوجود وہ لیگ ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔ اگرچہ رونالڈو نے مسلسل دو سیزنز میں ٹاپ سکورر کا اعزاز حاصل کیا مگر ٹیم کی سطح پر کامیابی محدود رہی ہے۔ النصر اب تک صرف عرب کلب چیمپئنز کپ 2023 جیت سکا ہے اور آئندہ سیزن کے لیے ایشین چیمپئنز لیگ میں بھی کوالیفائی نہیں کر سکا۔

دی مرر کے مطابق رونالڈو کا مبینہ طور پر 16 کروڑ 40 لاکھ پاؤنڈ سالانہ کا معاہدہ اسی موسم گرما میں ختم ہو رہا ہے، جس کے بعد ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے کہ آیا وہ سعودی عرب میں قیام جاری رکھیں گے یا نیا راستہ اختیار کریں گے۔

اس غیر یقینی صورتحال کے دوران معروف ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق ایک برازیلی کلب نے رونالڈو کو بڑی پیشکش کی ہے، جس کے تحت وہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اگرچہ کلب کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم برازیل کے چار کلب پالمیراس، فلیمینگو، فلومینینس اور بوٹا فوو اس ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو ماضی میں کلب ورلڈ کپ میں شاندار کامیابی حاصل کر چکے ہیں اور چار بار یہ اعزاز جیت چکے ہیں، جن میں ایک بار مانچسٹر یونائیٹڈ اور تین بار ریال میڈرڈ کے ساتھ شامل ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ رونالڈو اس پیشکش کو قبول کرتے ہیں یا سعودی فٹبال میں ہی قیام جاری رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں