لندن(سپورٹس ڈیسک)سابق انگلش کپتان اور معروف کرکٹ مبصر مائیکل وان نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بابر اعظم سے بہتر ٹی20 فارمیٹ کا کھلاڑی قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں مائیکل وان نے کہاکہ بابر اعظم بلاشبہ ایک بہترین بیٹر ہیں، لیکن وہ ٹی20 فارمیٹ کی تیز رفتار ضروریات کے مطابق فٹ نہیں بیٹھتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر بابر کو انگلینڈ، آسٹریلیا یا ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں میں شامل کرنے کا سوال ہو، تو وہاں ان کے لیے ٹی20 میں جگہ بنانا مشکل ہوگا۔
اس کے برعکس مائیکل وان نے شاہین شاہ آفریدی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں میچ ونر اور شاندار بولر قرار دیا، جنہوں نے کئی بار پاکستان کو ٹی20 میچز میں فتح دلائی ہے۔
مائیکل وان نے اپنی گفتگو میں عماد وسیم، فخر زمان اور محمد عامر کو بھی پاکستان کے اہم اور مؤثر ٹی20 کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ تینوں کھلاڑی کسی بھی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مائیکل وان کے اس بیان پر کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ اور دیگر عالمی ایونٹس میں کارکردگی کے حوالے سے تنقید کی زد میں ہے۔
مزید پڑھیں:عائزہ خان اور دانش تیمور شوبز انڈسٹری چھوڑ کر کون سے ملک جانے کا سوچ رہے ہیں؟

