فیروزپور(ویب ڈیسک) کرکٹ میچ کے دوران ایک دلخراش واقعے میں نوجوان بلے باز چھکا مارنے کے فوراً بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست پنجاب کے شہر فیروز پور میں پیش آیا، جہاں ڈی اے وی اسکول گراؤنڈ میں ایک مقامی میچ کے دوران کھلاڑی ہرجیت سنگھ میدان میں موجود تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرجیت سنگھ نے شاندار چھکا مارا اور چند لمحوں بعد پچ پر گھٹنوں کے بل بیٹھا، پھر اچانک زمین پر گر گیا۔
ساتھی کھلاڑی فوری طور پر مدد کے لیے آگے بڑھے لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ طبی معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق ہوئی، جس کی وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہے اور صارفین کی جانب سے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کی موت کے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں زیادہ تر کی وجہ دل کا دورہ بنی۔
مزیدپڑھیں:میاں منظور وٹو کی نمازہ جنازہ کے دوران گاڑی میں بیٹھنے کی ویڈیو وائرل

