اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بھارت میں کھیلوں کے کسی بھی ایونٹ میں شرکت سے متعلق قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کے لیے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام فیڈریشنز کو پیشگی اجازت لینا لازم قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ایس بی کے مطابق یہ فیصلہ بورڈ کے 34ویں اجلاس میں کیا گیا، جو 23 جولائی 2025 کو منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی گئی کہ کوئی بھی قومی فیڈریشن بھارت میں کسی کھیل میں شرکت کے لیے پی ایس بی کی اجازت کے بغیر وعدہ یا معاہدہ نہ کرے۔
پی ایس بی نے اس حوالے سے تمام نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی سختی سے پابندی کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی بھی کھیل کے ایونٹ میں شرکت سے پہلے پی ایس بی سے مشاورت اور تحریری اجازت ضروری ہو گی، تاکہ سیکیورٹی و دیگر معاملات کا جائزہ لیا جا سکے۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی پاپو ایکٹ کے تحت دی گئی سزائیں معطل

