لاہور( اوصاف نیوز)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بابر اعظم کا بیٹنگ نمبر بتا دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک حسین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ نہیں کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہ شاندار واپسی کریں گے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مائیک حسین نے کہا کہ محمد حارث کو کئی مواقع دیئے گئے، لیکن انہوں نے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ محمد حارث نوجوان ہیں، انہیں ابھی بہتری کی ضرورت ہے، عثمان خان اسپنرز کے خلاف اچھی بیٹنگ کرتے ہیں اور انہیں محمد حارث کی جگہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں موقع دیا گیا ہے۔
مائیک حسین نے کہا کہ ایشیا کپ فائنل میں شکست پر مایوسی ہوئی، یہ بہت بڑا دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں مختلف شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے، جو اسکواڈ کا حصہ نہیں وہ ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دیں۔
مائیک حسین کے مطابق سفیان مقیم کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس بھیج دیا گیا ہے، عثمان طارق باصلاحیت اسپن ٹیلنٹ ہیں، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز، سہ فریقی سیریز ورلڈ کپ سے متعلق آپشنز فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فخر زمان ون ڈے فارمیٹ کا حصہ ہیں تاہم انہیں فرسٹ کلاس میں کام کرنا ہوگا اور اس حوالے سے میری ان سے بات بھی ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں:ویرات کوہلی نے ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا



