اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے الزامات سامنے آگئے ہیں، جن کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ہاکی فیڈریشن کے آئندہ انتخابات پر اثر انداز ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ کے قریبی عزیز زاہد پیرزادہ کو بطور منیجر قومی ہاکی ٹیم کے ہمراہ آسٹریلیا روانہ کر دیا گیا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان ہاکی فیڈریشن میں من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔
ادھر عدالت کے حکم پر ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں ہاکی کلبز کی جانچ پڑتال کا عمل بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر من پسند کلبز کی رجسٹریشن کی جا رہی ہے، جس کے باعث من چاہے نتائج آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے قریبی رشتہ دار کو بطور منیجر قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
مزیدپڑھیں:کن صارفین کے لیے بجلی سستی کردی گئی؟



