ایشیا کپ کی دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان انڈر 19 انگلینڈ ٹور کے دوران قومی جونیئر ٹیم ایک چار روزہ میچ اور چار ایک روزہ مقابلے کھیلے گی۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کا یہ دورہ 2 ستمبر سے شروع ہوگا اور 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔ یہ سیریز رواں سال آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد نوجوان ٹیم کی پہلی بڑی بین الاقوامی اسائنمنٹ ہوگی۔
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ 2 سے 5 ستمبر تک ارنڈل میں کھیلا جائے گا۔ اسی مقام پر 9 ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ بھی ہوگا۔ اس کے بعد دوسرا ایک روزہ میچ 12 ستمبر کو گلڈفورڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری دو ون ڈے میچز 14 اور 16 ستمبر کو ورمزلے میں ہوں گے۔
پاکستان انڈر 19 انگلینڈ ٹور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع سمجھا جا رہا ہے۔ اگرچہ پاکستان ٹیم انڈر 19 ورلڈ کپ میں سپر سکس مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی تھی، تاہم اس سے قبل ٹیم نے زمبابوے میں ہونے والی انڈر 19 سہ ملکی ون ڈے سیریز ناقابل شکست رہتے ہوئے جیتی تھی۔
پاکستانی ٹیم نے گزشتہ ایشیا کپ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کو صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جو گروپ مرحلے میں بھارت کے خلاف ہوئی تھی۔
کرکٹ شائقین کو امید ہے کہ نوجوان پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے دورے میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔

