Search
Close this search box.
پیر ,08 جون ,2026ء

سلہٹ ٹیسٹ میں بنگلادیش کو پاکستان پر 156 رنز کی برتری

سلہٹ ٹیسٹ

بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں جاری سلہٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف 156 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی ہے۔

دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا لیے۔ محمود حسن جوئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز اسکور کیے جبکہ مومن الحق 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نجم الحسن شانتو 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ قومی ٹیم نے دوسرے روز 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا، تاہم ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔

سلہٹ ٹیسٹ میں بابر اعظم نے سب سے نمایاں بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز بنائے جبکہ ساجد خان نے بھی 38 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ کپتان شان مسعود 21، سلمان آغا 21 اور محمد رضوان 13 رنز بنا سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پہلے روز بنگلادیش کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس میں لٹن داس کی شاندار سنچری شامل تھی۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں